22 ستمبر 2018
 ابھی تک شادی کا فیصلہ نہیں کیا، رنبیر

بالی وڈ اداکار رنبیر کپور نے کہا ہے کہ میں نے ابھی تک شادی کا فیصلہ نہیں کیا۔ ہندوستان ٹائمز کو دیئے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں رنبیر کپور نے اس موضوع پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ افواہیں شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں، آپ ایک کہانی بناتے ہیں اور جلد ہی پہلی کہانی سے ایک اور سٹوری بن جاتی ہے اور پھر یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے۔ مجھے ہمیشہ سے یقین رہا ہے کہ شادی ایک ایسی چیز ہے جو قدرتی طور پر ہوتی ہے، یہ بالکل ایسا نہیں ہے کہ اوکے میں 35 سال کا ہوگیا ہوں، لہٰذا اب مجھے شادی کر لینی چاہئے۔ یہ فیصلہ آپ کو اور آپ کے پارٹنر کو خود سے کرنا چاہئے اور آپ دونوں کو یہ محسوس کرنا چاہئے کہ اب یہ مناسب وقت ہے اور ہمیں اس تعلق کو اگلے مرحلے تک لے کر جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیکن فی الوقت ایسا کچھ نہیں ہے، میں نے ابھی تک شادی کا فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ یہ سب ابھی بہت نیا ہے، لہٰذا ابھی اس بارے میں کچھ کہنا یا جانچنا قبل از وقت ہوگا۔ انہوں نے  کہا کہ میں اپنی زندگی کے ایک خوش، مثبت اور خوبصورت مرحلے پر ہوں، لیکن آپ ذاتی زندگی پر ایک حد تک ہی بات کر سکتے ہیں، دوسری صورت میں آپ کی ذاتی زندگی حاوی ہوجاتی ہے اور آپ کا کام پیچھے رہ جاتا ہے۔ اپنی آنے والی فلم برہم سترا میں عالیہ بھٹ کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے انہوں  نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اس فلم میں مجھے عالیہ بھٹ کے ساتھ ایک اچھی آن سکرین جوڑی بنانے اور اچھا کام کرنے کا موقع ملے گا، لہٰذا میں بہت پرجوش ہوں اور ایک تخلیقی کاوش کی توقع کر رہا ہوں۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟