25 اگست 2019
تازہ ترین

ملکی معیشت تباہ ہوچکی اور وزیراعظم کی معاشی ٹیم مذاق بن گئی ہے: شہبازشریف

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت تباہ ہوچکی اور وزیراعظم کی معاشی ٹیم مذاق بن گئی ہے۔ اسلام آباد میں اپوزیشن کے سینیٹرز کا اجلاس ہوا جس میں 56 سینیٹرز نے شرکت کی جب کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سمیت 7 ارکان قومی اسمبلی بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ ماضی سے سبق سیکھ کر نظام میں بہتری لائیں، عام آدمی پرزندگی تنگ ہوچکی ہے، آج عام آدمی کو ضروریات پوری کرنا مشکل ہورہی ہیں، روٹی 15 روپے اور نان 20 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ بیروزگاری انتہا کو چھو رہی ہے، فیکٹریوں کو تالے لگ گئے، دکانوں سے لوگوں کو نکالا جارہا ہے، مزدور اپنے مالکان کی منتیں کرنے پر مجبور ہیں۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت تباہ ہوچکی، معاشی ٹیم مذاق بن گئی ہے، وزیراعظم کو علم نہیں کہ غریب کس طرح زندگی بسر کر رہے ہیں، سیاسی قیدیوں سے جیلیں بھری جارہی ہیں۔ دوسری جانب اپوزیشن کی ریکوزیشن پر سینیٹ اجلاس بلانے سے متعلق سینیٹ میں اپوزیشن کا اہم مشاورتی اجلاس کل طلب کرلیا گیا ہے۔ اجلاس اپوزیشن لیڈر راجہ ظفرالحق کی زیر صدارت ہوگا جس میں چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی تحریک سے متعلق مشاورت ہوگی۔

ملکی معیشت تباہ ہوچکی اور وزیراعظم کی معاشی ٹیم مذاق بن گئی ہے: شہبازشریف