16 دسمبر 2019
تازہ ترین

راولپنڈی، اغوا برائے تاوان میں ملوث 13  پولیس اہلکار معطل

  تھانہ ویسٹریج پولیس کے 13 اہلکاروں کے خلاف اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج کرکے انہیں معطل کردیا گیا۔ راولپنڈی میں تھانہ ویسٹریج کے 13 پولیس اہلکاروں نے لاہور سے راولپنڈی آنے والے 5 افراد کو اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنایا اور 30 لاکھ روپے تاوان طلب کیا۔ سی پی او راولپنڈی فیصل رانا نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا جس پر اشرف ٹائون کے چوکی انچارج سکندر نواز، اے ایس آئی محسن شاہ اور دیگر اہلکاروں کے خلاف اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج کرکے انہیں معطل کر دیا گیا ہے۔ ایس پی پوٹھوہار سید علی کے مطابق چوکی انچارج سکندر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور دیگر اہلکاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق 13 پولیس اہلکاروں نے لاہور سے تعلق رکھنے والے 5 شہریوں کو اغوا کیا اور تھانہ صادق آباد کی پولیس چوکی میں نظربند کردیا جہاں انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور رہائی کے لیے 30 لاکھ روپے مانگے گئے۔ پولیس اہلکاروں نے 5 لاکھ روپے لے کر شہریوں کو رہا کیا۔

راولپنڈی، اغوا برائے تاوان میں ملوث 13  پولیس اہلکار معطل