20 جولائی 2019
تازہ ترین

 مشرف کے منجمد بینک اکائونٹس سے رقم نکلوانے کا معاملہ، وضاحت طلب  

 انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بی نظیر قتل کیس میں پرویز مشرف کے منجمد بینک اکائونٹس سے رقم نکلوانے پر ایف آئی اے سے وضاحت طلب کرلی۔ راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سابق وزیراعظم بی نظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت کی، تاہم ایف آئی اے پراسیکیوٹر اور تفتیشی آفیسر پیش نہ ہوئے۔ عدالت نے ملزم پرویز مشرف کے اثاثوں کی تفصیلات پیش نہ کرنے اور ان کے منجمد بینک اکائونٹس سے رقم نکلوانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ فاضل جج اصغر خان نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے سے جواب طلب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ منجمد اکائونٹ سے رقم کیسے نکلی؟۔ عدالت نے 27 جولائی تک سابق آرمی چیف و صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے اثاثوں کی مکمل تفصیلات اور رقم نکلوانے کی وضاحت طلب کرلی۔ بے نظیر بھٹو 27 دسمبر 2007 کو لیاقت باغ راول پنڈی میں جلسے میں خود کش حملہ میں جاں بحق ہوگئی تھیں۔ ان کے قتل کے مقدمے میں جنرل (ر) پرویز مشرف اشتہاری اور مفرور ملزم ہیں۔ اس کیس میں ان کی جائیداد، اثاثے اور بینک اکائونٹس بھی منجمد ہوچکے ہیں۔

 مشرف کے منجمد بینک اکائونٹس سے رقم نکلوانے کا معاملہ، وضاحت طلب