25 جون 2019

میرے لئے جیلیں نئی نہیں، حمزہ شہباز

 قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز  نے کہا  ہے کہ میں نے کوئی کرپشن نہیں کی میں نے نیب کو چیلنج کیا تھا کہ کرپشن کا ایک ثبوت لے آئیں میں سیاست چھوڑ دوں گا۔ نیب کی جانب سے گرفتاری کے بعد رہنما مسلم لیگ(ن)اور قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا بیان سامنے آیا ہے۔ حمزہ شہبازنے لاہور ہائیکورٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا میں نے پاکستانی قوم کو مخاطب کرکے کہا تھا کہ میں نے کوئی کرپشن نہیں کی، اللہ کی ذات بڑی ہے، میں بہت گناہ گار ہوں میں نے نیب کو چیلنج کیا تھا کہ کرپشن کا ایک ثبوت لے آئیں میں سیاست چھوڑ دوں گا۔ حمزہ شہباز نے کہا کل زرداری صاحب گرفتار ہوئے مگر مشیر اطلاعات ایک دن پہلے ہی کہتی ہیں کہ کل زرداری صاحب گرفتار ہوجائیں گے، میرا سوال یہ ہے کہ میرے بارے میں نیب چیئرمین فرمودات دے چکے ہیں کہ مجھے گرفتار کرنا ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا میرے لئے جیلیں نئی نہیں ہیں، میں پاکستانی قوم کے لئے سوال چھوڑ کر جارہا ہوں کہ آج پاکستانی قوم یہ دیکھے چیئرمین نیب کے جاوید چوہدری کو انٹرویو کے مطابق بدنیتی پر مبنی خواہش پوری ہوتی ہے یا حمزہ شہباز کو انصاف ملتا ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا نیب اور نیازی کا گٹھ جوڑ آج ثابت ہوگیا ہے میرے اللہ پر مجھے بھروسہ ہے۔ گفتگو کے آخر میں حمزہ شہباز نے فیض احمد فیض کا شعر پڑھا  جس دھج سے کوئی مقتل میں گیا وہ شان سلامت رہتی ہے، یہ جان تو آنی جانی ہے اس جاں کی تو کوئی بات نہیں۔

میرے لئے جیلیں نئی نہیں، حمزہ شہباز