16 جون 2019

خیبرپختونخوا میں ڈاکٹرز کی ہڑتال کا چوتھا روز، مریض پریشان

پشاور(ویب ڈیسک)پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں ڈاکٹرز کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری ہے، جس سے مریض دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں جبکہ حکومت نے ڈاکٹرز سے ہڑتال فوری ختم کرنے کی اپیل کی ۔ خیبر پختونخوا ڈاکٹرز کونسل کے مطابق صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی کے علاوہ مکمل ہڑتال ہے اور ایمرجنسی میں مریضوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ ڈاکٹرز کونسل کا کہناہے کہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ کے طرز عمل کی مذمت کرتے ہیں، وزیر صحت فوری مستعفی ہوں۔ ڈاکٹرز کونسل نے وزیر صحت اور ڈاکٹر نوشیروان برکی کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور ڈاکٹروں پر تشدد میں ملوث ڈی ایس پی کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ۔ ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ ایم ٹی آئیز ہسپتالوں میں کرپشن میں ملوث بورڈز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریض طبی سہولیات کی عدم فراہمی پر پریشان ہیں اور نجی ہسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب خیبرپختونخواحکومت نے ہڑتالی ڈاکٹروں سے رابطہ کیا اور ہڑتال فوری طور پر ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔ خیبرپختونخوا ڈاکٹرز کونسل کا کہنا ہے وزیراعلیٰ نے 21 مئی کو طلب کیا ہے۔  علاوہ ازیں گزشتہ روز پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ڈاکٹرز کو تحفظ فراہم کیا جائے گا، کسی کواجازت نہیں دیں گے کہ او پی ڈیز بند کرے اور ڈاکٹرز کو کام کرنے نہ دے، جواحتجاج کرنا چاہتے ہیں کریں، ہمیں کوئی اعتراض نہیں، رخنہ ڈالنے والے ڈاکٹرز کی فہرستیں تیار کرلی ہے، انہیں شوکاز نوٹس جاری کریں۔

خیبرپختونخوا میں ڈاکٹرز کی ہڑتال کا چوتھا روز، مریض پریشان