24 اپریل 2019
تازہ ترین

منی لانڈرنگ کیس ،شہباز شریف کی اہلیہ اور بیٹیوں کے طلبی نوٹسز منسوخ

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی احتساب بیورو  کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی اہلیہ اور بیٹیوں کے طلبی نوٹسز منسوخ کردیے۔ چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب  لاہور کا دورہ کیا جہاں ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم  نے انہیں شریف فیملی کے کیسز کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔ نیب لاہور کے مطابق چیئرمین نیب نے نصرت شہباز، رابعہ عمران اور جویریہ علی کو طلبی کے نوٹس منسوخ کرتے ہوئے گھر پر سوال نامہ بھجوانے کے احکامات جاری کردیے جو آج ہی شریف فیملی کو بھجوائے جائیں گے۔ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے شریف فیملی کے تمام کیسز کی براہ راست نگرانی خود کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،اس موقع پر چیرمین نیب نے کہا کہ نیب خواتین کے تقدس، حرمت، عزت اور چار دیواری پر مکمل یقین رکھتا ہے اور احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر سختی سے گامزن ہے، نیب کی کسی سیاسی پارٹی سے وابستگی نہیں۔ جاوید اقبال نے کہا کہ نیب خود مختار ادارہ ہے اور دبائو کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قانون اور آئین پاکستان کو مد نظر رکھ کر اپنا کام کرتا ہے، نیب کی نظر میں تمام ملزمان برابر ہیں تاہم تمام میگا کرپشن کیسز کو میرٹ اور صرف میرٹ کی بنیاد پر جلد از جلد منتقی انجام تک پہنچایا جائے گا، نیب کی وابستگی صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔

منی لانڈرنگ کیس ،شہباز شریف کی اہلیہ اور بیٹیوں کے طلبی نوٹسز منسوخ