26 اپریل 2019
تازہ ترین

شیخ رشید کو پی اے سی کا ممبر بنانے کی ضرورت نہیں، پی ٹی آئی رہنما

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما راجہ ریاض نے شیخ رشید کو پبلک اکائونٹس کمیٹی کا ممبر بنانے کی مخالفت کردی۔ میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کے رہنما راجہ ریاض نے کہا کہ شیخ رشید کو پبلک اکائونٹس کمیٹی سی کا ممبر بنانے کی کوئی ضرورت نہیں، کمیٹی میں تحریک انصاف کے ارکان موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف جہاں غلط کام کرنا چاہیں گے ہم رکاوٹ بنیں گے، تمام ممبران کمیٹی میں دیانتداری سے کام کریں گے، کمیٹی وہی کام کرے گی جو ملک کے مفاد میں ہوگا۔ دوسری جانب شہباز شریف کو پی اے سی کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے معاملے پر بلوچستان عوامی پارٹی نے حکومت کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رکن سینیٹر احمد خان شامل ہیں جو آزاد حیثیت میں الیکشن جیت کر بی اے پی میں شامل ہوئے۔ سینیٹر احمد خان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو ووٹنگ کے ذریعے ہٹایا جاسکتا ہے، ہم حکومت کے اتحادی ہیں، حکومت کا ساتھ دیں گے۔ واضح رہے کہ شیخ رشید نے شہباز شریف کو پبلک اکائونٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کی سخت مخالفت کی ہے اور اسے حکومت کا غلط فیصلہ قرار دیا ہے جبکہ انہوں نے شہباز شریف کی تقرری کے خلاف سپریم کورٹ میں بھی درخواست دائر کی ہے۔ اس کے علاوہ شیخ رشید دعویٰ کر چکے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی پارٹی کے ایک رکن کو پی اے سی سے نکال کر انہیں کمیٹی کا رکن نامزد کیا ہے۔

شیخ رشید کو پی اے سی کا ممبر بنانے کی ضرورت نہیں، پی ٹی آئی رہنما