سرکلر ریلوے فوری بحال نہیں ہوسکتا،سعید غنی

<p>کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ سر کلر ریلوے کو چلانے کے لیے فنانس بھی ایک مسئلہ ہے لہٰذا تجاوزات ختم کر بھی دیں تو سرکلر ریلوے فوری بحال نہیں ہوسکتا۔  کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کا کہنا تھا کہ  سپریم کورٹ کے حکم پر تجاوزات کا خاتمہ کیا جارہا ہے، لوگوں نے نالوں اور مارکیٹوں پر قبضے کر رکھے تھے، سرکلر ریلوے سے تجاوزات کا خاتمہ ہم نے ماضی میں شروع کیا تھا اور متاثرین کی ری سیٹلمنٹ کی تیاری کی تھی۔ ریلوے نے خود لکھ کر کہا کہ جو زمین سندھ حکومت خالی کروائے گی اسے فی الحال محفوظ رکھنے کی ریلوے کے پاس استعداد نہیں ہے لہٰذا یہ کام ریلوے نے خود رکوایا تھا۔ سر کلر ریلوے کو چلانے کے لیے صرف تجاوزات مسئلہ نہیں ہے، اسے چلانے کے لیے فنانس بھی ایک مسئلہ ہے جب کہ تجاوزات ختم کر بھی دیں تو سرکلر ریلوے فوری بحال نہیں ہوسکتا۔  پریشانی کی بات یہ ہے کہ عمران خان نے کہا کہ بڑے لیڈر کی پہچان یو ٹرن لینا ہے، کہیں ایسا نہ ہو کہ اس بات پر بھی یو ٹرن لے لیا جائے۔</p>
سرکلر ریلوے فوری بحال نہیں ہوسکتا،سعید غنی