21 نومبر 2018
تازہ ترین

فاٹا کا انضمام جلد بازی میں کیا گیا،گرینڈ قبائلی جرگہ

<p>پشاور(مانیٹر نگ ڈیسک) گرینڈ قبائلی جرگہ نے کہا ہے کہ فاٹا انضمام جلد بازی میں مشاورت کے بغیر کیا گیا، قبائلی علاقوں کو پشاور، بنوں، سوات اور دیگر اضلاع کے ساتھ ملا کر قبائل کی شناخت کو ختم کیا جا رہا ہے باغ ناراں حیات آباد میں آل فاٹا گرینڈ جرگہ ہوا جس میں تمام قبائلی اضلاع کے عمائدین نے شرکت کی۔ قبائلی عمائدین نے کہا کہ قبائلی اضلاع کو ضم کرنے کے حوالے سے عمائدین کے ساتھ کوئی مشاورت نہیں کی گئی، ملک میں ہر طبقہ کے ساتھ مذاکرات ہوتے ہیں تو قبائل کے ساتھ کیوں نہیں کیے جاتے؟ قبائلی عمائدین نے پولیس اور پٹواری نظام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا میں پولیس اور پٹواری بھیجنے سے پہلے عمائدین سے مسائل کے حوالے سے مشاورت کی جائے اس لیے مہمند اور خیبر میں گزشتہ دنوں کی طرح پولیس کی آمد قبول نہیں اور اگر ایسا دوبارہ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔</p> <p>قبائلی عمائدین نے کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا خود ہم سے مذاکرات کریں لیکن ہم وزیر اعلیٰ سے مذاکرات نہیں کریں گے کیوں کہ  قبائلی علاقے کو پشاور، بنوں، سوات اور دیگر اضلاع کے ساتھ ملا کر قبائل کی شناخت کو ختم کیا جا رہا ہے جب کہ قبائل کو تقسیم نہ کیا جائے بلکہ تاریخی اور روایتی شناخت کو قائم رکھا جائے جرگہ نے فاٹا انضمام کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ انضمام جلد بازی میں مشاورت کے بغیر کیا گیا جب کہ اس انضمام کو چیف جسٹس سپریم کورٹ اور گورنر خیبر پختونخوا نے بھی جلد بازی کا فیصلہ قرار دیا تھا اس لیے یہ فیصلہ واپس لیا جائے۔ مشترکہ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ قبائل کے ساتھ وسیع تر مشاورت کے بعد فاٹا کی آئینی حیثیت میں تبدیلی لائی جائے اور تباہ حال قبائلی علاقوں کی مکمل بحالی تک فاٹا کی آئینی حیثیت میں رد و بدل نہ کیا جائے۔</p> <p> </p>
فاٹا کا انضمام جلد بازی میں کیا گیا،گرینڈ قبائلی جرگہ