21 اکتوبر 2018
تازہ ترین

کراچی پولیس چیف کا پولیس کے خود کار ہتھیار بدلنے کا حکم

<p>کراچی(ویب ڈیسک) ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے کراچی پولیس کے خود کار ہتھیار (ایس ایم جی) تبدیل کرنے کا حکم دے دیا۔ شہریوں کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کا اسلحہ خود شہریوں کے لئے خطرہ بننے لگا ہے، پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کی زد میں آکر شہری ہلاک ہونے لگے ہیں جبکہ 13 اگست کی شب ڈیفنس میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے معصوم بچی بھی جاں بحق ہوگئی ، جس کے بعد پولیس کو فراہم کئے گئے اسلحے کی تبدیلی پر زور دیا جارہا تھا، اس ضمن میں ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے حکم نامہ جاری کر دیا، جس کے تحت پولیس کے خود کار ہتھیار تبدیل کر دیئے جائیں گے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ اتفاقیہ گولی چلنے سے کئی جانی نقصانات ہوئے ہیں، خود کار اسلحہ نہ صرف شہریوں میں خوف و ہراس کا باعث بن رہا ہے بلکہ اس سے شہریوں کی نظر میں پولیس کا بھی منفی تاثر قائم ہورہا ہے لہٰذا پٹرولنگ اور سکواڈ ڈیوٹی پر تعینات اہلکار خود کار اسلحے کی نمائش نہ کریں اور جلد از جلد ان اہلکاروں کا اسلحہ تبدیل کیا جائے جبکہ مددگار ون فائیو اور موٹر سائیکل سکواڈ کا اسلحہ بھی فوری تبدیل کیا جائے۔ جاری کردہ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ موٹر سائیکل سکواڈ کو سب مشین گن کی جگہ پستول یا ریوالور دیا جائے، سکواڈ ڈیوٹی پر اہلکاروں کو بھی ایک پستول اور صرف ایک خودکار اسلحہ یا سب مشین گن دی جائے، اس کے ساتھ پولیس پٹرولنگ پر مامور اہلکاروں کو بھی ایک خود کار اسلحہ اور ایک پستول فراہم کیا جائے ، پولیس پٹرولنگ اور پکٹس پوائنٹس پر بھی پولیس اہلکاروں کو ایک پستول یا ریوالور کے ساتھ صرف ایک خود کار اسلحہ دیا جائے ، مددگار ون فائیو کے لئے بھی یہی حکم صادر کیا گیا ۔ حکم نامے میں  کہا گیا ہے کہ عام پبلک میں خود کار ہتھیار کی نہ ہی نمائش کی جائے اور نہ ہی کسی پر اسلحہ تانا جائے، اس کے ساتھ اس حکم نامے پر جلد از جلد اور سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔</p>
کراچی پولیس چیف کا پولیس کے خود کار ہتھیار بدلنے کا حکم