چینی نائب وزیراعظم 2روزہ دورے پرکل اسلام آباد پہنچیں گے

اسلام آاباد(خبرنگار)یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کے لیے چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ 2 روزہ سرکاری دورے پر اپنے وفد کے ہمراہ کل اسلام آباد پہنچیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وانگ یانگ، چینی صدر شی جن پنگ کی ہدایت پر جذبہ خیرسگالی کے طور پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق چینی نائب وزیراعظم اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ 14 اگست کو یوم آزادی کی تقریبات میں خصوصی شرکت کریں گے، جبکہ وہ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات بھی کریں گے۔ چین کے نائب وزیراعظم اپنے دورے کے دوران پاک چین اقتصادی راہداری سی پیک کے تحت منصوبوں کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے جبکہ مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط ہوں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چینی نائب وزیراعظم کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا عکاس ہے۔