کھیل
کیرالہ کنگز نے ٹی ٹین کرکٹ لیگ کی پہلی ٹرافی پر قبضہ جما لیا، فائنل میں مصباح الحق کی ٹیم پنجابی لیجنڈز کو آٹھ وکٹ سے شکست ہوگئی۔ شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں ٹی ٹین کے میگا ایونٹ کا بڑا فائنل ہوا، مصباح الحق کی پنجابی لیجنڈز اور آئن مورگن کی کیرالہ کنگز میں جوڑ پڑا۔ ٹیم مصباح کے اوپنر لیوک رونکی نے دھواں دار بیٹنگ کی، انہوں نے ایونٹ کی تیسری ففٹی سکور کی، وہ 34 گیندوں پر 70 رنز بنا کر پویلین لوٹے، پنجابی لیجنڈز کی ٹیم 10 اوورز میں 3 وکٹوں پر 120 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی، ہدف کے تعاقب میں کیرالہ کے پال سٹرلنگ اور کپتان مورگن نے بائولرز کو تگنی کا نچا دیا، آئن مورگن نے صرف 14 گیندوں پر ایونٹ کی تیز ترین نصف سنچری داغی، سٹرلنگ 52 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، کیرالہ کنگز نے ایک سو اکیس رنز کا ٹارگٹ آٹھ اوورز میں دو وکٹوں پر حاصل کر کے پہلی ٹی ٹین لیگ کے ٹائٹل پر قبضہ جما لیا۔ 

بائولرز کی شاندار بائولنگ اور شیکھر دھون کی عمدہ سنچری کی بدولت بھارت نے سری لنکا کو تیسرے ون ڈے میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد آٹھ وکٹ سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔ جسپریت بمراہ نے دھنشکا گناتھیلاکا کو ائوٓٹ کر کے اپنی ٹیم کو ابتدائی کامیابی دلائی لیکن اس کے بعد اپل تھارنگا اور سدیرا سمارا وکراما نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کیلئے 121 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو مضبوط مقام تک پہنچا دیا اور اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب سمارا وکراما 42 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ سری لنکا کی ٹیم نہایت آرام سے بڑے سکور کی جانب گامزن نظر آتی تھی اور ایک موقع پر 27 اوورز میں دو وکٹ کے نقصان پر 160 رنز بنائے تھے لیکن اسی سکور پر 95 رنز بنانے کے والے تھارنگا کے پویلین لوٹنے کے ساتھ بازی پلٹ گئی۔ اس موقع پر بھارتی سپنرز نے شاندار کھیل پیش کیا جس کے سبب سری لنکن ٹیم درمیانی اوورز میں سنبھل نہ سکی اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے ہوئے پوری ٹیم 45ویں اوور میں 215 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کو بھی روہت شرما کی شکل میں جلد ہی کامیابی مل گئی لیکن اس کے بعد شیکھر دھون اور شریاس آئیر نے سری لنکن بائولرز کیلئے وکٹ کا حصول ناممکن بنا دیا۔ شیکھر دھون دو چھکوں اور 13 چوکوں سے مزین 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کارتھک نے 26 رنز بنائے۔اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی بھارت نے سیریز بھی 2-1 سے اپنے نام کر لی جو ان کی لگاتار آٹھویں دوطرفہ ون ڈے سیریز میں فتح ہے۔سپنر کلدیپ یادو کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ دھون سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لے اڑے۔
image

سپین میں کھیلے گئے فٹبال میچ میں سپر سٹار میسی کی ٹیم بارسلونا نے ڈیپورٹیوو کو چار صفر سے ہرا دیا ۔ سپینش لیگ کے میچ میں بارسلونا نے ڈیپورٹیوو کیخلاف پہلا گول 29 ویں منٹ میں کیا۔ بارسلونا کو میچ میں دوسری کامیابی 41 ویں منٹ میں ملی، پولینو نے زبردست گول کر کے اپنی ٹیم کو دو صفر کی برتری دلوائی، اس کے بعد بارسلونا نے وقفے وقفے سے مزید دو بار گیند کو جال میں پہنچایا۔ حریف ٹیم بھرپور کوشش کے باوجود کوئی گول نہ کر سکی۔  
image

کرسٹیانو رونالڈو نے ریال میڈرڈ کو ایک اور ورلڈ ٹائٹل جتوا دیا، کلب ورلڈ کپ کے فائنل میں ریال میڈرڈ نے گریمیو کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی ۔ العین میں کھیلے کلب ورلڈ کپ کا فائنل دیکھنے کیلئے شائقین کی بڑی تعداد سٹیڈیم میں موجود تھی ،  پہلا ہاف بغیر کسی گول کے اختتام کو پہنچا، دوسرے ہاف میں ریال میڈرڈ کو فری کک ملی، جسے کرسٹیانو رونالڈو نے گول میں بدل دیا، اس گول کے بعد کھیل میں مزید تیزی تو آئی لیکن کوئی ٹیم مزید گول نہ بنا پائی ۔ ریال میڈرڈ نے ایک صفر کی فتح کے ساتھ کلب ورلڈ کپ ٹائٹل اپنے نام کر لیا ۔
image

 پاکستانی ریسلرز نے کامن ویلتھ چیمپئن شپ میں 6 برانز میڈلز حاصل کر لئے۔ بلال نے 60 کے جی کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا، 63 کے جی میں عبدالوہاب کو یہ اعزاز ملا، مدثر نے 67 کے جی، غلام غوث نے 72 کے جی، امیر احمد نے 87 کے جی اور احمد بٹ نے 130 کے جی کیٹیگریز میں ملک کیلئے برانز میڈلز حاصل کئے ، ان کے علاوہ عبدالرحمان نے 77 کے جی میں چوتھی پوزیشن پر اکتفا کیا جبکہ 97 کے جی میں طیب رضا نے پانچویں پوزیشن پائی ۔  ایونٹ میں کینیڈا، برطانیہ، بھارت، ویلز، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، نائیجیریا اور پاکستان کے ریسلرز نے صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔
image

قومی کر کٹ ٹیم کے آل رائونڈر محمد حفیظ کے بائولنگ ایکشن کی درستگی کا پہلا رائونڈ مکمل ہوگیا ہے ۔ محمد حفیظ کو رواں سال سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں مشکوک بائولنگ ایکشن پر رپورٹ کیا گیا اور پھر ان کا بائیو میکنکس ٹیسٹ بھی کلیئر نہیں ہوا، اس کے بعد پی سی بی نے حفیظ کو بائولنگ ایکشن پر کام کرنے کے لئے انگلینڈ بھیجا، جہاں آل رائونڈر کے بولنگ ایکشن کی درستگی کا اب پہلا رائونڈ مکمل ہوگیا، اس دوران پال ہیورن، اظہر محمود اور کارل کرو نے محمد حفیظ کے ساتھ کام کیا ۔
image

بھارتی نخرے بڑھنے پر ایشین کرکٹ دنگل کیلئے اکھاڑے کی تلاش شروع کر دی گئی جبکہ پاکستان کی شمولیت پر تشویش میں مبتلا بی سی سی آئی انعقاد سے دستبردار ہونے کو تیار ہے۔ پاکستان اور بھارت میں سیاسی کشیدگی کی وجہ سے کرکٹ تعلقات بھی تعطل کا شکار ہیں۔ دونوں ملکوں کے مابین آخری باہمی سیریز2012ٙ13میں ہوئی تھی جب گرین شرٹس نے محدود اوورز کے میچز  کیلئے  پڑوسی ملک کا دورہ کیا، اس کے بعد پاکستان ٹیم نے سخت سکیورٹی انتظامات میں ورلڈکپ2011کے میچز بھارت میں کھیلے، ورلڈ ٹی ٹونٹی2016میں شرکت  کیلئے  بھی گرین شرٹس پڑوسی ملک گئے،اس دوران انتہاپسندوں کی دھمکیوں کے بعد ایک میچ کا وینیو بھی تبدیل کرنا پڑا۔
image

 ایک زمانے میں خاصے قریب سمجھے جانے والے باسط علی پی سی بی اعلیٰ حکام کے دل سے اْتر گئے۔ سابق ٹیسٹ بیٹسمین باسط علی کا شمار بورڈ حکام کی قریبی شخصیات میں ہوتا تھا، کئی معاملات پر وہ خاصے بے باک انداز سے اظہار رائے کر دیتے تھے اسی وجہ سے تمام ترمخالفت کے با وجود اہم ذمہ داریاں پاتے رہے۔ بطور چیئرمین گذشتہ اننگز اور ایگزیکٹیو کمیٹی چیف کی حیثیت سے نجم سیٹھی نے بھی انہیں خوب سپورٹ کیا مگر اب معاملات پہلے جیسے نہیں رہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق  سابق ٹیسٹ بیٹسمین کو زیادہ لفٹ  نہیں کرائی جا رہی تاہم جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ نے حال ہی میں درخواست کی کہ انڈر 19 ورلڈکپ کے دوران  کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلیے انہیں بھی نیوزی لینڈ بھیجا جائے مگر اسے مسترد کر دیا گیا، اس کا جواز فضول اخراجات سے بچنا بتایا گیا جبکہ باسط اس پر  ناخوش ہیں۔
image

 کرکٹر ذوالقرنین حیدر نے ایک بار پھر فکسنگ کی پٹاری کھول دی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین کا کہنا ہے کہ یو اے ای میں ایک نجی لیگ کے دوران بکیز نے مجھے فکسنگ کی پیشکش کی، انکار پر دھمکیاں بھی دیتے رہے کہ بتایا تو مروا دینگے، بکیز کا کہنا تھا کہ ہمارے خرچ پر اپنی مرضی کی ٹیم بنالو، فکسنگ میں ہمارے ساتھ تعاون کرنا، ہمارے پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ بھی رابطے ہیں۔ ذوالقرنین حیدر نے کہا کہ میں دھمکیاں ملنے پر پاکستان واپس آگیا، واقعہ کی رپورٹ شارجہ میں موجود پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کرنل  ریٹائرد اعظم کو کردی تھی۔ سوشل میڈیا پر قومی کرکٹرز کی بکیز کیساتھ جو تصاویر شیئر کیں وہی بورڈ کے بھی حوالے کردی ہیں۔ یاد رہے کہ ذوالقرنین جنوبی افریقہ کیخلاف یواے ای میں سیریز کا آخری ون ڈے میچ چھوڑ کر لندن بھاگ گئے تھے،ان کا کہنا تھا کہ مجھے بکیز کی طرف سے دھمکیاں مل رہی ہیں۔
image

وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیر زادہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے کھیلوں کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے ، قائد اعظم گیمز کے انعقاد کو یاد گار بنائینگے ، ملک میں کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہو رہے ہیں ، پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی کیساتھ فیوچرز ٹورز پروگرام کا معاملہ اٹھائیں ، امید ہے نجم سیٹھی مسئلے کو حل کروائینگے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے پاکستان سپورٹس بورڈ میں قائد اعظم گیمز کے انعقاد کے حوالے سے اسٹرینگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ پاک فوج کی قربانیوں کے با عث ملک میں امن آیااور اب کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہونا شروع ہو گئے جبکہ آرمی چیف نے کھیلوں کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ ریاض پیر زادہ نے کہاکہ رواں ماہ منعقد ہونیوالی دوسری قائد اعظم بین الصوبائی گیمز کے انعقاد کو یاد گار بنائینگے ، گیمز کے کامیاب انعقاد کیلئے حکومت نے فنڈز جاری کر دیئے ہیں جبکہ قائد اعظم گیمز کی سیکیورٹی کیلئے آرمی اور رینجرز کی پوری سپورٹ حاصل ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی فیوچرز ٹورز کے شیڈول پرآواز اٹھائے ، میں خود بھی نجم سیٹھی سے بات کروں گا۔
image

سابق آسٹریلوی بائولر ڈیرک نینس نے بنگلادیش پریمیئر لیگ میں مشکوک سرگرمیوں کا کچا چٹھا کھول دیا۔ ٹی ٹوئنٹی سپیشلسٹ ڈیرک نینس دنیا بھر کی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شرکت کرتے رہے ہیں، سابق آسٹریلوی بائولر نے ایک انٹرویو میں ان ایونٹس کے دوران کئی مشکوک سرگرمیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے خاص طور پر بنگلادیش پریمیئر لیگ میں کھلم کھلا خلاف ورزیوں کا پول کھولا ہے، انہوں نے کہا کہ کرکٹرز کی کئی حیران کن حرکات پر سر پیٹنے کے سوا کچھ نہیں کر سکتے۔ سابق آسٹریلوی بائولر نے کہا کہ ایک بائولر گیند کرنے کیلئے آتا اور 2اوورز میں صرف 4رنز بنتے ہیں لیکن اسے بائولنگ سے ہٹا دیا جاتا ہے، میچز میں کئی چیزیں ایسی ہوتی ہیں کہ ذہن تسلیم نہیں کرتا، فرنچائز مالکان ہٹ دھرمی کرتے ہوئے ڈریسنگ روم میں آتے ہیں،کوچ اور منیجر سے بات کرتے ہوئے پوچھتے ہیں کہ اب کیا کرنے والے ہو، فون بھی ہاتھ میں پکڑے رہتے ہیں،کبھی مینجر خود چل کر سٹیڈیم میں مالک کے پاس چلا جاتا ہے، سکیورٹی حکام میں سے کوئی روکے تو کہتے ہیں کہ ہم نے ٹیموں پر اتنا سرمایہ کیوں لگایا؟ ہمارا رابطے میں رہنا ضروری ہے، اس صورتحال میں آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے نمائندے بھی خاموش رہنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ ڈیرک نینس نے بتایا کہ سٹیڈیم میں بکیز کے کارندے 10، 10 موبائل فون کمر کے گرد باندھ کر پیغام رسانی کرتے نظر آتے ہیں،انہوں نے شرٹ کی آستین کے نیچے ایک مائیکروفون چھپا رکھا ہوتا ہے،اس کی مدد سے تمام متعلقہ لوگوں تک بات پہنچا دی جاتی ہے، انہوں نے بتایا کہ آئی پی ایل کے دوران ایک شخص نے مجھے کہا کہ تم نے نوبال کرکے میرے 50ہزار ڈالر ضائع کروا دیے،اس طرح کے لوگ خطرناک بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔
image

ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور مہمان ٹیم کو ون ڈے سیریز میں مارلن سیمیولز، الزاری جوزف اور سنیل نارائن کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔ مارلن سیمیولز سیدھے ہاتھ میں چوٹ اور الزاری جوزف کمر کی تکلیف کی وجہ سے سیریز میں حصہ نہیں لیں گے جبکہ سنیل نارائن نے ذاتی وجوہات کی وجہ سے ون ڈے سیریز کیلئے عدم دستیابی ظاہر کی لیکن وہ ٹی20 سیریز کیلئے ویسٹ انڈین ٹیم کا حصہ ہوں گے۔نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں الٹے ہاتھ کی انجری کا شکار ہونے والے سنیل ایمبرس بھی ون ڈے سیریز میں شرکت نہیں کر سکیں گے اور ان کی جگہ شیمرون ہٹمیئر کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ٹی20  سکواڈ کا حصہ بننے والے شیلڈن کوٹریل اور وکٹ کیپر چیڈوک والٹن کو سیمیولز اور الزاری جوزف کے متبادل کے طور پر سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ون ڈے اور ٹی20 سیریز کیلئے ویسٹ انڈین سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ ون ڈے سکواڈ میں جیسن ہولڈر، شیمرون ہٹمیئر، رونسفورڈ بیٹن، شینن گیبریئل، کرس گیل، کائل ہوپ، شے ہوپ، شیلڈن کوٹریل، ایون لوئس، نکیتا ملر، ایشلے نرس، روومین پاول، چیڈوک والٹن اور کیسرک ولیمز جبکہ ٹی20  سکواڈ میں کارلوس بریتھ ویٹ، سیمیول بدری، رونسفورڈ بیٹن، ریاد ویمرت، آندرے فلیچر، کرس گیل، جیسن محمد، ایشلے نرس، کیرون پولارڈ، روومین پاول، شے ہوپ، جیروم ٹیلر، چیڈوک والٹن اور کیسرک ولیمز شامل ہیں ۔
image

اظہر علی نے ٹی 10میچز میں کھلاڑیوں کی تعداد کم کرنے کی تجویز پیش کردی۔ اوپنر کا کہنا ہے کہ میں کوئی تنازع نہیں کھڑا کرنا چاہتا لیکن میری رائے میں مختصرترین فارمیٹ میں 11پلیئرز زیادہ محسوس ہوتے ہیں۔ اظہر علی نے کہاکہ ہاکی لیگز میں 9اے سائیڈ میچز کا تجربہ کامیاب رہا تاہم ٹی10میں بھی ایسا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل ایک انٹرویو میں آئی سی سی کے سابق چیئرمین ظہیر عباس نے بھی کہا تھا کہ صرف 10اوورز میں ایک بائولر کے حصے میں 2 اوورز آئیں گے، کرکٹ میں پہلے ہی کمائی بہت ہے ۔اب ایک آسان ترین راستہ ہاتھ آگیا، اتنے مختصر میچز کیلیے تو ایک ٹیم میں 6 یا 7 کھلاڑی بھی کافی ہونگے۔
image

ایشز سکینڈل میں بے نقاب ہونے والے بکیز نے فکسنگ کیلئے استعمال کیے جانے والے اشاروں کی پوری کہانی بیان کردی،بکی کے روپ میں آنے والے برطانوی اخبار دی سن کے رپورٹر سے ملاقات میں سوبرز جوبن نے بتایا کہ میچ کا کوئی سیشن، اوور، رن ریٹ، وکٹ یا نتیجہ فکسڈ کرنے کیلئے مخصوص رنگ کی گھڑی کھلاڑی کو دی جاتی ہے، مثال کے طور پر اگر شرٹ سرخ ہے تو گھڑی بھی اسی رنگ کی پہنا دی جائے گی۔ اس کا مطلب ہوگا کہ کھلاڑی فکس کیا جانے والا کام ضرور کرے گا۔سوبرز نے بتایا کہ آئی پی ایل میں 5پلیئرز پوری آستینوں والی شرٹ پہنیں گے،اس صورت میں بکی کو میدان فکسنگ کا اشارہ دینے کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی، پوری آستینوں والے بائولرز مخصوص مرحلے، مثال کے طور پر 6، 10،15اور 20ویں اوور میں بولنگ کریں تو اس کا مطلب ہوگا کہ وہ بکی کے ساتھ طے شدہ فارمولے پر عمل درآمد کیلئے تیار ہیں، ایک وائیڈ بال، باؤنسر یا گیند پھینکنے سے قبل اچانک رک جانا بھی بائولر کا سگنل ہوتا ہے کہ وہ سپاٹ فکسنگ کیلئے تیار ہے۔ سوبرز نے بتایا کہ کئی بائولرز میدان سے دیے جانے والے اشارے طے کرنے میں جھجک کا شکار ہوتے ہیں،وہ طے کرلیتے ہیں کہ میں اوور کی پہلی گیند وائیڈ یا بائونسر کردوں گا، چند ایک یہ حربہ بھی بتاتے ہیں کہ میں وکٹ کیپر کو کہہ دوں گا کہ وہ تھوڑا آگے آئے یا کپتان سے کہہ کر فیلڈ پوزیشن تبدیل کرائوں گا۔سوبرز نے اخبار کے رپورٹر کو مزید تفصیلات کے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بیٹسمین اپنے گلوز تبدیل کرنے یا ہیلمٹ اتارکر دوبارہ پہننے یا کبھی بائولر کو گیند پھینکنے سے روک کر بکی کو اشارہ دے دیتے ہیں کہ میرے آئوٹ ہونے کا وقت آگیا یا میں پورے اوور میں رن نہیں بنائوں گا یا اتنی ڈاٹ گیندیں کھیلوں گا۔ یاد رہے کہ آئی پی ایل اسکینڈل میں سزا بھگتنے اور تاحیات پابندی کا سامنا کرنے والے بولر سری سانتھ کو گرفتار کرتے ہوئے پولیس نے نشاندہی کی تھی کہ اوور میں رنز فکسڈکرنے کا بکی کو اشارہ دیتے ہوئے پیسر نے ہاتھ ہلانے کے بعد کلائی میں گھڑی گھمائی اور ایک موقع پر جیب میں تولیہ بھی رکھا ،اس فکسنگ کے عوض انہوں نے 50ہزار روپے وصول کیے۔
image

بھارتی ٹیم نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 100 ویں مرتبہ اننگز میں 300 پلس رنز کا مجموعہ ترتیب دے کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ بھارت نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں 392 رنز کا مجموعہ قائم کر کے یہ سنگ میل عبور کیا اور یہ 100واں موقع تھا کہ بھارت نے ون ڈے کرکٹ میں 300 یا اس سے زائد کا مجموعہ بنایا۔ یہ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم نے اننگز میں 100 ویں مرتبہ 300 پلس رنز کا ہندسہ عبور کیا ہو۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر آسٹریلین ٹیم ہے جس نے 96 مرتبہ کارنامہ انجام دیا ۔
image

بھارتی فکسرز نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کو فکس کرنے کی کوشش کی ، جسے ناکام بنا دیا گیا۔ برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعرات سے شروع ہونے والے پرتھ ٹیسٹ کو سٹے بازوں نے فکس کرنے کی کوشش کی جسے ناکام بناتے ہوئے معلومات پر مبنی ڈوزیئر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ بھارت سے تعلق رکھنے والے بزنس مین پریانک سکسینا اور صوبر جوبن نے  سپاٹ فکسنگ کے لئے ایک لاکھ 40 ہزار پائونڈ  طلب کئے جبکہ سٹے بازوں نے کہا کہ کھلاڑی ہمارے اشاروں پر ناچتے ہیں، بھارتی سٹے باز مسٹر بگ نے بتایا کہ میچ سے پہلے بتائوں گا کہ کس اوور میں کتنے رنز بنیں گے،  اس پر رقم لگاؤ اور رقم بھارت میں جمع کرانا ہوگی جبکہ آسٹریلوی کرکٹ میں بھی ہمارا فکسر موجود ہے۔ 
image

آسٹریلوی قائد سٹیون سمتھ  آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں بلے بازوں میں بدستور سرفہرست ہیں، کالی آندھی کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے روز ٹیلر 3 درجے ترقی پا کر دوبارہ ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے جبکہ ڈین ایلگر تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے، اظہر علی کا 8واں نمبر برقرار ہے، بائولرز میں جیمز اینڈرسن اور آل رائونڈرز میں شکیب الحسن پہلے نمبر پر براجمان ہیں، سری لنکا کے دلروون پریرا ٹاپ ٹین  آ ل رائونڈرز میں شامل جبکہ کرس ووکس باہر ہو گئے۔ آئی سی سی نے نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ٹیسٹ ختم ہونے کے بعد تازہ ترین پلیئرز رینکنگ جاری کر دی۔
image

انگلش پریمیئر فٹبال لیگ کے میچ میں چیلسی نے ہڈرز فیلڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد تین ایک سے ہرا دیا ہے۔ انگلش پریمیئر لیگ میں چیلسی نے ہڈرز فیلڈ کیخلاف بہترین کھیل پیش کیا، انہوں نے پہلا گول 23 ویں منٹ میں کیا اور برتری حاصل کی۔ چیلسی کی جانب سے ویلیئن نے 43 ویں منٹ میں دوسرا گول داغ دیا۔ چیلسی کی ٹیم کو تیسری کامیابی 50 ویں منٹ میں ملی۔ ہڈرز فیلڈ نے کھیل ختم ہونے سے کچھ دیر قبل ایک گول کیا جو ان کی جیت کیلئے ناکافی ثابت ہوا۔
image

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین شہریار خان نے متنازع ٹی ٹین لیگ کو سرکس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچاکر کمرشل فائدہ اٹھانا ٹھیک نہیں  ، یہ سرکس ہے اور اسکو سپورٹ کرنا سراسر غلط فیصلہ ہے، 4 لاکھ کیا، 10 لاکھ ڈالر بھی ملتے تو کرکٹ کی ساکھ پر سودے بازی نہیں کرنی چاہئے تھی  ۔اپنے ایک انٹرویو میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ہمارا پراڈکٹ ہے ، پی ایس ایل فرنچائز مالکان کو متحدہ عرب امارات میں ہونیوالی مختصر کرکٹ کی وجہ سے نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی کرکٹرز کو ٹی 10 لیگ میں شرکت کی اجازت کے عوض 4 لاکھ ڈالرز فیس وصول کرنے کے اعتراف نے معاملے کی شفافیت کو مشکوک کرتے ہوئے مزید سوالات پیدا کردیئے ہیں۔سب سے اہم سوال یہ اٹھایا جارہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی 10 لیگ کو پہلے نہ اور پھر ہاں کیوں کی؟واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اس نے ٹاپ پلیئرز کو متنازعہ ٹی 10 لیگ میں شرکت کی اجازت دینے کیلئے 4 لاکھ ڈالرز وصول کئے۔یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے یہ اعلان کیا تھا کہ ٹی 10 لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کو نہیں بھیجا جائے گا۔
image

زمبابوے کرکٹ کا مالی بحران ایک بار پھر شدت اختیار کرگیا،بورڈ حکام نے رقم کی کمی کے سبب موجودہ سیزن میں باقی تمام فرسٹ کلاس میچز منسوخ کردئیے ہیں،بورڈ ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی بھی مشکل ہوگئی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق چھ دسمبر کوزمبابوے کرکٹ بورڈ کے سٹاف کو جاری کئے گئے دستاویزات میں کہا گیا کہ بورڈ مالی بحران کا شکار ہے جس کے سبب نومبر کی تنخواہ 50 فیصد ادا کی جائےگی جبکہ دسمبر کی تنخواہ بعد میں دی جائے گی ۔زمبابوے کرکٹ اس وقت دسمبر کیلئے فنڈز بچانے کی کوشش میں ہے مگر اس کی کوئی ضمانت نہیں دی جا سکتی ۔ذرائع کے مطابق زیادہ امکانات یہی ہیں کہ دسمبر کی تنخواہیں وسط جنوری 2018 تک ادا کی جائیں گی ۔دوسری جانب زمبابوے کرکٹ کے کچھ سٹاف کو سال کے آخر تک کام کرنے کی ہدایات بھی کی گئیں تاکہ اس بات کو یقینی بنا سکیں کہ مارچ میں ورلڈ کپ کوالیفائر ز کیلئے سہولیات تیار رہیں ۔زمبابوے کرکٹ بورڈ پانچ کرکٹ سٹیڈیمز کی تزین و آرائش پر کام کر رہا ہے جس میں ہرارے سپورٹس کلب ،اولڈ ہرارینز ، کوئین سپورٹس کلب ،بلاوائیو ایتھلیٹک کلب اور کیوکیوسپورٹس کلب شامل ہیں جبکہ ٹاکاسنگھا کرکٹ کلب اور اولڈ میوچل ہیلتھ سٹریک اکیڈمی کو پریکٹس کیلئے استعمال کیا جائےگا ۔
image

قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر حسن علی 2017کے خاتمے سے قبل ایک اور اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گئے۔23سالہ پیسر کو رواں سال لارڈز کے بہترین 20 کھلاڑیوں کی فہرست میں 7واں نمبر مل گیا ہے ۔ دائیں ہاتھ کے پیسر نے جون میں انگلینڈ میں کھیلی گئی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں13وکٹیں لیکر پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈ پر قبضہ کیا اور اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان کو پہلی مرتبہ چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیتنے میں مدد فراہم کی۔ واضح رہے کہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ رینکنگ میں سرفہرست پوزیشن کے مالک فاسٹ بائولر نے لارڈز کی ٹاپ 20 لسٹ میں انگلش کپتان جو روٹ اور کینگرو آف سپنر نیتھن لیون کو بھی پیچھے چھوڑ دیا جو 8ویں اور9ویں پوزیشن پر فائز ہوئے۔
image

نیوزی لینڈ نے دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 240 رنز سے شکست دیکر سیریز کلین سویپ کرلی، ویسٹ انڈیز کی ٹیم 444 رنز ہدف کے تعاقب میں 203 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ کیویز ٹیم کی طرف سے دوسری اننگز میں عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیل واگنر نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹم سائوتھی، ٹرینٹ بولٹ اور سانٹنر نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کے روز ٹیلر شاندار بیٹنگ پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے   ۔
image

قومی کر کٹ ٹیم کے  ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ کرکٹ میں ہم نے نیا پاکستان تشکیل دے دیا، ٹیم میں کھلاڑیوں کو ڈراپ ہونے کے خوف سے آزاد کر دیا گیا، پاکستان ٹیم کی کوچنگ سے خود مجھے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ، پاکستان میں سپن بائولنگ بارے بہت کچھ جانا، کسی جنوبی ایشیائی ٹیم کی کوچنگ نہ کرتا تو میری سی وی ادھوری رہ جاتی، میں خود کو ساتویں آسمان پر محسوس کر رہا ہوں، پی سی بی میری راہ میں کبھی نہیں آیا، میں ایک بہتر  سٹرکچر قائم کرنا چاہتا ہوں کیونکہ اسی سے آپ کو اچھے پلیئرز ملتے رہتے ہیں۔ غیرملکی میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے  کہا کہ میں نے جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے ساتھ کام کیا مگر وہ زیادہ مستحکم ٹیمیں ہیں، وہاں پر آپ محنت کریں اورک ھلاڑی فیلڈ میں پرفارمنس دیتے ہیں مگر پاکستان میں چیزیں کافی مختلف ہیں، یہاں پر ہمیں بہادری دکھانے اور کھیل کو آگے لے جانے کی ضرورت پڑتی ہے۔ 
image

سپینش فٹبال لیگ کے میچ میں میسی کی ٹیم بارسلونا نے ویلاریئل کو دو صفر سے ہرا دیا  ۔ ہسپانوی لیگ کے میچ میں بارسلونا اور ویلاریئل کی ٹیمیں بھرپور کوشش کے باوجود پہلے ہاف میں گول نہ کر سکیں، میچ کے 72 ویں منٹ میں بارسلونا کی جانب سے لوئس سواریز نے شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوا دی۔ 83 ویں منٹ میں ارجنٹائنی سٹار میسی نے مخالف گول پوسٹ پر کامیاب حملہ کرکے بارسلونا کی برتری دو صفر کر دی جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔  
image

امریکا میں فری سٹائل سنو بورڈنگ کے مقابلے میں خواتین کا ایونٹ میزبان ملک کی کم نے جیت لیا ، مردوں کی کیٹیگری میں جاپان کے ہیرانو نے فتح حاصل کی۔ امریکا میں  منعقدہ فری سٹائل سنو بورڈنگ کے مقابلوں میں دنیا بھر سے شامل ماہر کھلاڑیوں نے برف پوش ٹریک پر خوب مہارت دکھائی۔  
image

عوامی سروے

سوال: فاٹا اصلاحات بل حکومت کو منظورکرلینا چاہیئے؟